23

ہمیں جنگ جیتنی نہیں بلکہ پاکستان کی مدد سے ختم کرنا ہے: اشرف غنی

افغان صدر اشرف غنی نے پاکستانی وزیرِ اعظم کو افغانستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھنے اور مل کر امن کے حصول کی مشترکہ کوششوں کی پیش کش کی ہے۔

یہ باتیں انھوں نے پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل رہٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ کے افغانستان کے دورے کے دوران ان سے ملاقات میں کہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل رہٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ نے یہ دورہ افغان ہم منصب حنیف اتمر کی دعوت پر کیا۔

قومی سلامتی کے مشیر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان سے گہری امیدوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم نے امن کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ پیشکش کی ہے۔ ہمیں ماضی سے نکل کر اس کے بہترین نتائج حاصل کرنے ہیں۔‘

افغان صدر کا کہنا تھا ’ماضی کا قیدی بنے رہنے کی بجائے چلیں اس سوچ کے ساتھ اپنا مستقبل محفوظ کرتے ہیں کہ ہمیں جنگ جیتنی نہیں بلکہ اسے ختم کرنا ہے اور اس کے لیے پاکستان کو ہماری مدد کرنی چاہیے۔‘

انھوں نے پاکستانی وزیر اعظم کو بھی افغانستان آنے کی دعوت دی۔

پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر نے افغان رہنماؤں کے مثبت انداز کا خیر مقدم کرتے ہوئے امن کوششوں کو جنگ کی اندھیری سرنگ کے سرے پر روشنی کی کرن قرار دیا۔

ناصر خان جنجوعہ نے جنگ جیتنے کے بجائے جنگ ختم کرنے کو صحیح اقدام قرار دیا۔ انھوں نے افغان عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جنھوں نے گذشتہ 40 سال سے صرف جنگ کا ماحول ہی دیکھا ہے۔

قومی سلامی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل رہٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ نے افغانستان میں امن کوششوں کے لیے مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔

تاہم انھوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ ’دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کو الزام دے کر تنہا کر دیا گیا ہے اور دنیا افغانستان کے معاملے میں پاکستان کو ذمہ دار سمجھ کر اس کی ساکھ مجروح کر رہی ہے جو کہ ٹھیک نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا ’ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ باہمی امور پر معاہدہ کرنا ہوگا اور افغانستان کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہو اور دونوں ممالک ایک ساتھ امن حاصل کر سکیں۔‘

’ہمارا امن مشترکہ ہے، چلیں اسے ایک ساتھ تلاش کریں۔‘

پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر نے افغان صدر اور اپنے افغان ہم منصب کے علاوہ چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ، وزیر دفاع اور افغان قومی سلامتی کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔

دونوں فریقین نے امن اور استحکام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور مستبقل کے لیے مل کر کام کرنے اور معاون طریقہ کار وضع کرنے کی بات کی۔

فریقین نے ایک دوسرے کے تحفظات کو سمجھتے ہوئے ان کا بہتر حل نکالنے کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

افغانستان کے سلامتی کے مشیر حنیف اتمر نے کہا ’یہ وقت پل بنانے کا ہے۔ ہماری تاریخ اور مستقبل ایک ہے۔ ہماری آباؤ اجداد نے یہ ہمارے لیے چھوڑا اور یہی تعلق ہم اپنے بچوں کے لیے چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ ہمیں اپنے مشترکہ مفادات پر کام کرنا چاہیے جن میں سیاست، معیشت اور سلامتی شامل ہیں۔ ہمیں اپنے تعلقات کو بچانا چاہتے اور مستقبل میں اسے اور بہتر کرنا چاہیے۔‘

بیان کے مطابق ایسے ہی خیالات کا اظہار افغان حکومت کی جانب سے بھی کیا گیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.