18

کلبھوشن کو بھارت کے حوالے نہیں کیا جائے گا،دفتر خارجہ

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو کیس میں جولائی میں جواب جمع کرایا جائے گا لیکن اسے بھارت کے حوالے قطعاً نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ کشن گنگا ڈیم کی تعمیرسندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور یہ خلاف ورزی بھارت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، پاکستان نہیں چاہتا ہے کہ آبی تنازعات کسی خطرناک نہج تک پہنچ جائیں،

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اشتر اوصاف کی قیادت میں وفد نے کشن گنگا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ، رتیلے اور بگہلیار ڈیم کے معاملات پر عالمی بینک کے سربراہ سے ملاقات کی اور سندھ طاس معاہدے کے تناظر میں آبی تنازعات کو حل کرانے کی ضرورت پر زور دیا، اس سے قبل بھی پاکستان کی جانب سے کشن گنگا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کئی برس سے معاملے کو موٴثر انداز میں اٹھایا جاتا رہا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے، شوپیاں میں بھارتی فوج نے افطار کے بعد کشمیریوں پر فائرکھول دیا، بھارت ناصرف کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے بلکہ لائن آف کنٹرول پر بھی تواتر کے ساتھ اشتعال انگیزی کررہا ہے، بھارت عالمی قوانین کی بھی پاسداری نہیں کررہا۔

عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق مقدمے کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ کلبھوشن یادیو کیس میں جولائی میں جواب جمع کرایا جائے گا لیکن اسے بھارت کے حوالے قطعاً نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.