65

کرکٹ ورلڈ کپ 2019: میچ کا ٹکٹ نہیں تو سینما کا ٹکٹ لے لیں

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جہاں ہر بڑے ایونٹ سے قبل اسے سٹیڈیم سے باہر موجود شائقین تک پہنچانے کے لیے کوئی نہ کوئی نئی چیز لے کر آتی ہے وہیں وہ آئندہ سال ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ایک نیا خیال لے کر آئی ہے۔

پیر کو آئی سی سی نے ایک بیان جاری کیا جس میں اس نے دنیا بھر کے تمام بڑے سینما گھروں سے کہا ہے کہ وہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کو براہ راست دکھانے کے حقوق حاصل کرنے کے لیے اپنی اپنی تجاویز پیش کریں۔

آئی سی سی کے بیان کے مطابق بڑے سینما گھروں کی چینز، انفرادی سنی پلیکس اور تھیئٹرز کو موقع دیا گیا ہے کہ وہ علاقائی یا عالمی حقوق حاصل کرنے کے لیے تجاویز جمع کروائیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ میڈیا رائٹس ایجنسیاں بھی آئی سی سی کی جانب سے حقوق دینے کے لیے بولیاں لگا سکتی ہیں۔

میڈیا رائٹس، براڈکاسٹ اینڈ ڈیجیٹل کی سربراہ آرتی سنگھ دباس کا کہنا تھا کہ ’آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 ایک روزہ میچوں کا سب سے بڑا مقابلہ ہے اور اس سے آئی سی سی اور دنیائے کرکٹ کو موقع ملتا ہے کہ وہ مختلف پلیٹ فارم کے ذریعے اس کھیل اور اس کے سب سے بڑے ایونٹ کو نئے شائقین تک پہنچا سکے۔‘

انھوں نے کہا : ’سینما سکریننگ سے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی کوریج میں جدت لانے کا موقع ملے گا تاکہ شائقین اور فیملیز ایک اچھے ماحول میں کرکٹ کے مقابلوں کو دیکھیں اور ان سے لطف اندوز ہوں۔‘

خیال رہے کہ گذشتہ کرکٹ ورلڈ کپ جو کہ 2015 میں ہوا تھا اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے ایک موبائل ایپ بھی متعارف کروائی گئی تھی جس کی مدد سے شائقین کو لائیو سکور، میچوں کی مختصر جھلکیوں، کھلاڑیوں کے مختصر انٹرویو، تصاویر وغیرہ کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انگلینڈ میں 2017 میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں بھی کئی جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرائی تھیں۔

ان جدید ٹیکنالوجیز میں ڈرون کا استعمال تھا جس کا مقصد پچ کا تجزیہ دینا تھا، بیٹ میں انٹیل کا سینسر جو بیٹ سوئنگ کا تجزیہ کرتا تھا اور سٹیڈیم میں موجود شائقین کے لیے ورچوئل ریئلٹی بھی شامل تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.