22

’کاغذات نامزدگی کے ہمراہ بیان حلفی لازمی ہے‘

سپریم کورٹ نے کاغذات نامزدگی کےہمراہ بیان حلفی ضروری قراردےدیا،عدالت کاالیکشن کمیشن کوایک گھنٹےمیں بیان حلفی کامتن جمع کرانےکاحکم،تمام امیدوار تین یوم میں بیان حلفی جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔

کاغذات نامزدگی سےمتعلق اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کی درخواست پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن کے اختیارات کو کیوں کم کر رہے ہیں؟ اسپیکر کیوں شرما رہے ہیں کہ عوام کو اپنے نمائندوں کی معلومات نہ ہوں، کیا ایاز صادق کوئی معلومات چھپانا چاہتے ہیں؟ اگر کچھ چھپانا نہیں تو جھگڑا کس بات کا ہے؟

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہم ہائیکورٹ کے فیصلے کو اپنی وجوہات کےساتھ برقرار بھی رکھ سکتے ہیں، دیکھناچاہتے ہیں کہ اسپیکراسمبلی کون سی معلومات دینے میں شرما رہے ہیں۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ میں وفاق نے 7 ماہ تک معاملے کو التوا دیا، عدالت عظمیٰ اس حوالے سے 2011 میں فیصلہ دے چکی ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کو چیلنج کرنے کا اسپیکر کا کیا استحقاق ہے؟ آرٹیکل 218 کے تحت انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، کاغذات نامزدگی کا معاملہ بھی آرٹیکل 218 میں آتا ہے۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ امیدواران بیان حلفی کے ساتھ اضافی معلومات کمیشن کو فراہم کریں جب کہ ساتھ ہی انہوں نے الیکشن کمیشن کو بھی بیان حلفی کا متن ایک گھنٹے میں تیار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کاغذات نامزدگی الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت فارم بنایا گیا تھا، پاکستان کے عوام کو انتخابات لڑنے والے کے بارے میں جانے کا حق ہے اور الیکشن کمیشن کو اختیار حاصل ہے وہ مناسب معلومات طلب کرسکتا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ تمام معلومات مکمل انصاف کے لیے مانگ رہے ہیں، بیان حلفی ریٹرننگ افسران کے سامنے ہوگا، یہ بیان حلفی ایسا ہوگا جیسے سپریم کورٹ کے سامنے دیا جارہا ہے، اگر اس میں کوئی بھی غلط اطلاع دی گئی تو براہ راست سپریم کورٹ ایسی شخصیت کےخلاف اقدام کرسکے گی، عدالت 184 کے تحت اختیار استعمال کرسکتی ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ نئے فارم کی ضرورت نہیں، کمیش بیان حلفی بناکر لائے گا اور اسے عدالتی حکم کا حصہ بنائیں گے۔انہوں نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کی حتمی تاریخ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.