51

پنجاب کیلئے نوجوان اور کلین وزیراعلیٰ لارہا ہوں، عمران خان

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کے حوالے سے اشارہ دیدیا اور کہا کہ نیا نوجوان لارہا ہوں، یہ کلین ہوگا ،اس پر کسی قسم کا کوئی سوالیہ نشان نہیں۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میں پنجاب کابینہ میں جوان اور تجربہ کاروں کی ٹیم لے کر آرہا ہوں،آپ سب نئے وزیراعلیٰ کو سپورٹ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب تیار رہیں نئے پاکستان کا آغاز پنجاب سے ہی ہوگا، ملک کے بڑے صوبے میں ہمیں چیلنجز کا سامنا ہے، یہاں کے لوگوں کو ریلیف دیںگے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ پنجاب پولیس میں کے پی پولیس کےطرز کی اصلاحات لائیں گے، معلوم تھا اصل پانی پت کی جنگ پنجاب میں لڑی جائے گی، مشکل الیکشن لڑنے پر سب کو مبارکباد دیتے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہہم نے ٹکٹ دینے کے عمل کو مزید بہتر کرنا ہے، جن حلقوں میں پی ٹی آئی کمزور ہے وہاں ابھی سے کام شروع کرنا ہے، طویل جدوجہد کے بعد ہماری پارٹی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی کو ایک ادارہ بنانا ہے، یہ کوئی عام پارٹی نہ ہو جہاں پر سفارش ہو،سب سے زیادہ ذمہ داری پنجاب والوں پر ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ دو قسم کی سیاست ہے،ذاتی سیاست جس میں پیسہ بنانے آتے ہیں، اس سیاست نے سیاستدانوں کو ذلت دی ہے، سیاستدان عوام کا نام لے کر اقتدارمیں آکر اپنی ذات کا سوچتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں لوگوں سے وعدہ کرکے آیا ہوں کہ مدینہ کی ریاست بنانی ہے، آپ نے عوام کے پیسے کو اللہ کی امانت سمجھنا ہے، قوم کا پیسہ بچانا ہے تاکہ عوام کی فلاح پر خرچ کیا جاسکے، پنجاب کےاسکولوں اور اسپتالوں کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.