133

مداح کا بینک اکاؤنٹ سنجے دت کے نام

بالی وڈ کے مشہور اداکار سنجے دت کی ایک مداح نے مرنے سے قبل اپنا بینک اکاؤنٹ اور قیمتی اشیا ان کے نام کر دیں تاہم سنجے نے یہ کہہ کر قبول کرنے سے انکار کردیا کہ وہ خاتون کو نہیں جانتے۔

ممبئی کی رہائشی 62 سالہ نیشی تریپاتھی سنجے دت کی مداح تھیں اور ان کا انتقال رواں سال جنوری میں ہوا۔

گذشتہ ہفتے بینک نے سنجے دت کو مطلع کیا کہ نیشی نے اپنا بینک اکاؤنٹ اور قیمتی اشیا ان کے لیے چھوڑی ہیں۔

تاہم سنجے دت نے بینک سے کہا کہ وہ اپنی مداح کے اس قدم سے کافی متاثر ہوئے ہیں لیکن وہ یہ رقم اور قیمتی اشیا قبول نہیں کر سکتے۔

سنجے دت کا شمار بالی وڈ کے مایہ ناز ستاروں میں ہوتا ہے اور انھوں نے ایک سو سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہوا ہے۔

سنجے کے وکیل سبھاش یادھو نے بی بی سی کو بتایا کہ جب بینک والوں نے بتایا کہ نیشی ان کے لیے اپنا اکاؤنٹ اور لاکر چھوڑ گئی ہیں تو سنجے کو بڑی حیرت ہوئی۔

سبھاش نے مزید کہا کہ ان کو نہیں معلوم کہ بینک اکاؤنٹ اور لاکر میں کتنی رقم اور کتنی مالیت کے زیورات ہیں۔

سبھاش نے بتایا کہ سنجے دت کا کہنا ہے ’ہم اس مداح کے قدم سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ میں ذاتی طور پر اس خاتون کو نہیں جانتا اور نہ ہی ملا تھا۔ اس لیے میں اس اکاؤنٹ اور لاکر کی اشیا کو قبول کرنے سے معذرت کرتا ہوں۔‘

سبھاش کا مزید کہنا تھا کہ سنجے دت کے فیصلے سے بینک کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور اب بینک جو قانونی راستہ ہو گا اس کے مطابق فیصلہ کرے گا۔

مقامی اخبار ممبئی مرر کے مطابق نیشی کی 80 سالہ والدہ اور تین بہن بھائی حیات ہیں۔ یہ خاندان ممبئی کے اچھ علاقے میں ایک اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.