51

سپاٹ فکسنگ: ناصر جمشید پر 10 سال کی پابندی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ٹریبونل نے کرکٹر ناصرجمشید پر سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر دس سال کی پابندی عائد کردی ہے اور پابندی کے بعد بھی کرکٹ کی کسی بھی انتظامی نوعیت کی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور نے بتایا کہ اینٹی کرپشن ٹریبونل نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ ناصر جمشید کا نام ان لوگوں کی فہرست میں بھی شامل کیا جائے جن سے کرکٹرز کو دور رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ ناصرجمشید کا نام گذشتہ سال پاکستان سپر لیگ کے موقع پر سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سامنے آیا تھا۔ اس سکینڈل میں ملوث تین کرکٹرز شرجیل خان خالد لطیف اور شاہ زیب حسن پر پہلے ہی پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ ناصر جمشید اس کے مرکزی کردار تھے اور انہی کی وساطت سے خالد لطیف اور شرجیل خان نے ایک شخص یوسف سے دبئی کے ایک چائے خانے میں ملاقات کی تھی جس میں مبینہ طور پر سپاٹ فکسنگ کی تفصیلات طے پائی تھیں۔

ناصرجمشید کو گذشتہ سال دیگر کرکٹرز کے ساتھ معطل کردیا گیا تھا اور بعد ازاں ان پر فرد جرم عائد کردی گئی تھی۔

ناصر جمشید انگلینڈ میں مقیم ہیں اور انھوں نے کسی بھی مرحلے پر پاکستان آکر ٹریبونل کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا تھا تاہم وہ سکائپ کے ذریعے ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

گذشتہ سال دسمبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ناصر جمشید پر تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر ایک سال کی پابندی عائد کی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل حیدر رضوی کا کہنا ہے کہ یوسف کو بک میکر ثابت کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام نہیں ہے۔ یہ کام قانونی اداروں کا ہوتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کام اپنے کرکٹرز کو کنٹرول کرنا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص سے رابطہ نہ کریں اور اگر کوئی مشکوک شخص ان سے رابطے کی کوشش کرتا ہے تو وہ اس کی فوری اطلاع پاکستان کرکٹ بورڈ کو دیں۔

تفضل حیدر رضوی کا کہنا ہے کہ اس سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ناصر جمشید نے کرکٹ بیٹ کا کوڈ ورڈ درحقیقت کرکٹرز کی خریدوفروخت کے لیے استعمال کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قوانین کے تحت ہر شخص کی طرح ناصر جمشید کو بھی اپیل کا حق حاصل ہے۔

28 سالہ ناصرجمشید نے پاکستان کی طرف سے دو ٹیسٹ، 48 ون ڈے اور 18 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں۔

آخری بار انھوں نے 2015 کے عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.