131

امریکہ کا ایف 16 طیاروں کے لیے پاکستان کی تکنیکی مدد کا اعلان

جمعے کو امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کو ایف 16 جنگی جہازوں کی دیکھ بھال کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر دینے کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے سلامتی تعاون کے ادارے ’سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی‘ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے امریکہ سے تکنیکی تعاون جاری رکھنے کی درخواست کی تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ مجوزہ فروخت امریکی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کو سپورٹ فراہم کرے گی کیونکہ اس سے امریکی عملہ مسلسل 24 گھنٹے امریکی ٹیکنالوجی کی نگرانی کر سکے گا۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ سال خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے 90 کروڑ ڈالر کی سکیورٹی معاونت معطل کر دی تھی۔ امریکہ نے اس کی وجہ حقانی نیٹ ورک اور افغان طالبان کے خلاف پاکستان کی غیر تسلی بخش کارروائی کو قرار دیا تھا۔

سنہ 2016 میں اوباما انتظامیہ اور پاکستان کے درمیان آٹھ ایف 16 طیاروں کی خریداری کے معاہدے کی بات چیت شروع ہوئی تھی جس پر انڈیا نے امریکی حکومت سے تشویش کا اظہار بھی کیا تھا۔

بعد میں فروخت کا یہ معاملہ جب امریکی کانگریس تک پہنچا تو امریکی حکومت کو اس کے خلاف شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

امریکی کانگریس نے ایف 16 طیاروں کی فروخت پر تو رضامندی ظاہر کی تھی لیکن مالی امداد منظور نہیں ہو سکی تھی جس کے بعد یہ ڈیل رک گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.